۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
حسینی فیڈریشن

حوزہ/ ’حسینی فیڈریشن ‘ حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ حافظ سعید ،لکھوی اور تہوررانا کو ہندوستان کے حوالے کرے تاکہ ہندوستان میں ان کے خلاف مقدمات قائم کرکے قصاب کی طرح کیفر کردار کو پہنچا سکے ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ممبئی/ ممبئی میں ہوئے ۱۱/۲۶ کے دہشت گردانہ حملے کی ۱۳؍ویں برسی کے موقع پر ممبئی میں واقع امام باڑہ روڈ پر ’حسینی فیڈریشن ‘کی جانب سے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک احتجاجی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مذہبی شخصیات کے علاوہ تنظیموں اور انجمنوں کے ذمہ داران موجود رہے ۔

حسینی فیڈریشن کے عہدیداروں اور اراکین نے مطالبہ کیا کہ تہور رانا کو جون میں حوالگی کرنا تھا جس پر حکومت پاکستان نے عمل نہیں کیا۔عالمی دباؤ میں حافظ سعید کو گرفتار بھی کیا گیا لیکن پاکستان نے کارروائی کا وہ حق ادا نہیں کیا جو ہونا چاہئے تھا۔ہیڈلی کے بیان کے بعد عالمی سطح پر حکومت پاکستان کی مذمت بھی ہوئی اور مجرموں کو حوالگی قانون کے تحت ہندوستان کے حوالے کرنے کی بھی عالمی حکومتوں نے حمایت کی ہے ۔مگر حکومت پاکستان نے عالمی دباؤ کو بھی نظر انداز کردیا۔اس لئے ’حسینی فیڈریشن ‘،پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ حافظ سعید ،لکھوی اور تہوررانا کو ہندوستان کے حوالے کرے تاکہ ہندوستان میں ان کے خلاف مقدمات قائم کرکے قصاب کی طرح کیفر کردار کو پہنچا سکے ۔

پروگرام میں مولانا علی اصغر حیدری،مولانا عزیز حیدر زیدی ،مولانا شیر محمد جعفری،مولانا امید اعظمی اور مولانا علی عباس وفانے تقاریر کیں ۔

آخر میں پولیس کے شہید افسران ہیمنت کرکرے ،اشوک کامٹے اور وجئے سالسکر کے علاوہ دیگر پولیس اہلکاروں اور ۱۷۴؍بے گناہ شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

فیڈریشن کے صدر عمار رضوی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ مسلسل جاری رہے گا اور آئندہ بھی اس طرح کے پروگرام کے ذریعے عالمی اور قومی اداروں کو متوجہ کیا جاتا رہے گا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .